سب کچھ جمعہ کے روز بدلا ٗ سی ای او نیوزی لینڈ ٹیم کا اہم بیان سامنے آگیا

 



آکلینڈ (مانیٹرنگ ڈیسک ٗاین این آئی)نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے انھیں مکمل اطمینان تھا اسی لیے ٹیم پاکستان بھیجی تھی۔انہوں نے بتایا کہ سب کچھ جمعہ کے روز بدلا، ایڈوائزری تبدیل ہوئی اور صورتحال بدل گئی، تھریٹ لیول بدلا، اسی لیے دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ انہیں جو ایڈوائزری ملی تھی اس میں ان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا، حکومت سے مخصوص اور مصدقہ تھریٹ لیول کی ایڈوائزری ملی تھی۔سی ای او کے مطابق آزاد ذرائع سے بھی ایڈوائزری کو حمایت حاصل تھی، تھریٹ کی بنیادی نوعیت پاکستان کرکٹ بورڈ  کو بتا دی تھی مگر اس کی تفصیلات شیئر نہیں ہوسکتی۔ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ حکومت سے تفصیلی مشاورت کے بعد ہی دورہ ختم کیا گیا ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے اخبار نے کہا ہے کہ پاکستان کے دورہ کرکٹ ٹیم کو عین موقع پر ختم کرنے کا فیصلہ ''فائیو آئیز'' کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔عالمی میڈیا کے مطابق آکلینڈ سے شائع ہونے والے موقر اخبار ''نیوزی لینڈ ہیرالڈ'' میں شائع ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیاکہ پاکستان کے دورہ کرکٹ ٹیم کو عین موقع پر ختم کرنے کا فیصلہ ''فائیو آئیز'' کی انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔اخبار نے دعویٰ کیا کہ 5 ممالک کی انٹیلی جنس اتحاد کی تنظیم ''فائیو آئیز'' نے الرٹ جاری کیا تھا کہ ممکنہ طور پر اسٹیڈیم کے باہر نیوزی لینڈ ٹیم پر حملہ ہوسکتا ہے۔ نیوزی لینڈ میں ''فائیو آئیز'' کی رپورٹ کو مصدقہ اورقابل بھروسہ سمجھا جاتا ہے۔ اخباری رپورٹ میں کہا گیا کہ فائیو آئیز کی جانب سے الرٹ ملنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پی سی بی کے چیئرمین کو ٹیلی فون کرکے دورے کی منسوخی کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان بھی رابطہ ہوا۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم گرانٹ روبرٹسن نے بھی تصدیق کی تھی کہ یہ اطلاع قابل بھروسہ اور فوری اقدام کی متقاضی تھی تاہم نے انھوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کو پاکستان میں خطرات کی نوعیت کیا تھی۔واضح رہے کہ فائیو آئیز پانچ ممالک نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کنیڈا، امریکا اور برطانیہ پر کے خفیہ اداروں کے درمیان ایک اتحاد ہے جس میں ایک دوسرے سے خفیہ معلومات کا اشتراک کیا جاتا ہے اور یہ پانچوں ممالک ان معلومات کو کسی چھٹے ملک کو نہ دینے کے پابند تھے۔





Ref

اشتہار

اشتہار