کوئٹہ: فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

Quetta: Fly Jinnah's plane narrowly escapes crash
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں تیز ہواؤں اور گرد و غبار کے طوفان کے باعث ہوائی اڈے پر ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔ مٹی کے طوفان کے دوران فلائی جناح کی کراچی سے آنے والی پرواز نے تین بار ناکام لینڈنگ کی کوششوں کے بعد چوتھی بار کامیابی سے لینڈنگ کی جسے حکام نے ’معجزانہ لینڈنگ‘ قرار دیا ہے۔دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز واپس موڑ دی گئی۔

فلائی جناح کی ویب سائٹ کے مطابق فلائی جناح کی پرواز کی پرواز صبح 11 بج کر 20 منٹ پر کراچی سے روانہ ہوئی اور اسے دوپہر 12 بجکر 40 منٹ پر کوئٹہ پہنچنا تھا تاہم پرواز 2 بج کر چھ منٹ پر کوئٹہ پہنچی فلائی جناح نے تاخیر کی وجہ نہیں بتائی۔ تاہم کوئٹہ ایئرپورٹ اور سول ایوی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ ’مٹی کے طوفان اور تیز ہواؤں کے باعث طیارہ تقریباً ایک گھنٹہ فضا میں چکر لگاتا رہا۔ اس دوران پائلٹ نے تین مرتبہ لینڈنگ کی ناکام کوشش کی مگر ہر بار ہوا کی شدت کے باعث طیارے کو دوبارہ فضا میں بلند کرنا پڑا۔‘پرواز کے ایک مسافر نے بتایا کہ لینڈنگ کی کوششوں کے دوران جہاز مسلسل جھٹکے کھا رہا تھا جس کی وجہ سے سب مسافروں میں بے چینی پھیل گئی۔

 بالآخر چوتھی کوشش میں پرواز نے لینڈ کیا جس پر جہاز میں سوار مسافروں نے اطمینان کا اظہار کیا اور شکر ادا کیا۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز میں سوار تین مسافروں کی موشن سیکنیس کی وجہ سے حالت خراب ہوگئی تاہم لینڈنگ کے بعد ان کی حالت سنبھل گئی اور طبی امداد کی ضرورت نہیں پڑی۔کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے لینڈنگ کو ’معجزانہ‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ شدید گرد آلود ہواؤں میں طیارہ چار بار لینڈنگ کی کوشش کرتا رہا اور ایندھن بھی کم ہو چکا تھا تاہم خوش قسمتی سے حادثے سے بچاؤ ممکن ہوا۔حمزہ شفقات نے کہا کہ ’انہیں بتایا گیا تھا کہ طیارے میں صرف 11 منٹ پرواز کا فیول باقی رہ گیا تھا۔ فلائی جناح کے جواب کا انتظار ہے۔‘

کوئٹہ: فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مسافروں کے بے ہوش ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، الحمدللہ تمام مسافر محفوظ ہیں۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے پی آئی اے کی کراچی سے کوئٹہ آنے والی پروازپی کے 325 بھی ایئرپورٹ کے قریب پہنچ گئی تھی تاہم موسم کی خراب صورت حال کے پیش نظر پائلٹ نے طیارہ اتارنے کی بجائے واپس کراچی موڑنے کا فیصلہ کیا۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق طیارہ کراچی بحفاظت اتر گیا جس کے بعد کوئٹہ کے لیے پرواز منسوخ کردی گئی۔ طیارے کے کوئٹہ نہ پہنچنے کے باعث پی آئی اے کی کوئٹہ سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 311 بھی منسوخ کر دی گئی۔

کوئٹہ: فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا
’11 منٹ کی دوری پر موت،  فضاؤں میں ایک معجزہ‘

ڈاکٹر سہیل خان نامی صارف نے سوشل میڈیا پر اپنی طویل پوسٹ میں لکھا کہ ’جہاز کے اندر افراتفری کا عالم تھا، بچے رو رہے تھے، ضعیف مسافر قے کر رہے تھے، لوگ خوف سے سانس روک کر بیٹھے تھے۔ جیسے ہی طیارہ زمین پر آیا، پورے کیبن میں ایک اجتماعی اطمینان اور سکون کی لہر دوڑ گئی۔‘’بعد میں ہمیں ایک ہولناک حقیقت کا علم ہوا کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے پاس صرف 11 منٹ کا ایندھن باقی تھا۔‘انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف ایک خطرناک لمحہ نہیں تھا، یہ ایک مکمل سانحہ ہونے کے دہانے پر تھا۔ سینکڑوں خاندان اپنے پیاروں کو کھو سکتے تھے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اس واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنی چاہییں۔‘






حوالہ

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us