
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اداکارہ و پروڈیوسر حریم فاروق اور عمران رضا کاظمی نے ہانیہ عامر کو شوبز میں متعارف کروایا تھا۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو شوبز انڈسٹری میں متعارف کرانے سے متعلق انکشاف سامنے آیا۔ اداکارہ و پروڈیوسر حریم فاروق نے بتایا کہ ان کا اور ان کے بزنس پارٹنر عمران رضا کاظمی کا ہانیہ کو انڈسٹری میں لانے میں کلیدی کردار تھا۔
گفتگو کے دوران حریم نے بتایا کہ ان دونوں نے ہانیہ عامر کو سب سے پہلے ڈبسمیش پر دیکھا، جہاں ان کی خود اعتمادی، معصومیت اور پرکشش شخصیت نے فوری طور پر انکی توجہ حاصل کی۔حریم فاروق نے ہانیہ کے پہلے آڈیشن کو یاد کرتے ہوئے اسے ایک خوشگوار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ وہ آج بھی ہانیہ کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہانیہ کی محنت، لگن اور مثبت رویے نے انہیں انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے میں مدد دی۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر نے مختصر وقت میں ڈرامہ اور فلمی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے اور مداحوں کی بڑی تعداد ان کے کام کو سراہتی ہے۔ انہیں پاکستان سمیت پڑوسی ملک بھارت اور دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔