محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک بھر میں مون سون کی ایک نئی لہر کے تحت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، کیونکہ کمزور مون سون ہوائیں پیر سے ملک کے مختلف حصوں میں شدت اختیار کرنے کا امکان رکھتی ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جولائی کو مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو موجودہ موسمی نظام کو مزید طاقت دے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے کئی حصوں بشمول راولپنڈی اور لاہور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور میں 29 سے 31 جولائی کے دوران بارش، ہوائیں اور گرج چمک متوقع ہیں۔اسی طرح بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی حصے، بشمول کوئٹہ، ژوب اور سبی میں 29 جولائی کی شب سے 31 جولائی تک گرج چمک، تیز ہواؤں اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپور خاص اور دیگر اضلاع میں 30 اور 31 جولائی کو بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ممکنہ اثرات اور احتیاطی پر مبنی ہدایات
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔ادارے کے مطابق 29 سے 31 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور بلوچستان، پنجاب اور کشمیر کے بعض علاقوں میں نشیبی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ (اچانک سیلاب) کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی شہری علاقے بھی 28 جولائی کی شب سے 31 جولائی تک شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری اور گلیات جیسے پہاڑی اور حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث شاہراہیں بند ہونے کا خطرہ موجود ہے۔


