فیس بک نے چوری شدہ پوسٹس پر کمانے والے صارفین کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میٹا کی جانب سے اپریل 2025 میں اعلان کردہ پالیسی کے تحت اب ان صارفین کو فیس بک سے آمدنی حاصل نہیں ہو سکے گی جو دوسروں کا مواد کاپی پیسٹ کرتے ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد اسپام پوسٹس میں کمی لانا اور صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کرنا ہے، اور اب یہ پالیسی باقاعدہ طور پر نافذ کر دی گئی ہے۔
زیادہ تر صارفین دوسرے افراد کی پوسٹس کو زیادہ ویوز، فالوورز یا آمدنی کے لیے استعمال کرتے ہیں، مگر میٹا کے مطابق اس طرح کا عمل فیس بک پر موجودگی کا تجربہ خراب کرتا ہے۔کمپنی نے واضح کیا ہے کہ چوری شدہ مواد بار بار شیئر کرنے والے اکاؤنٹس کی فیس بک کے مونیٹائزیشن پروگرامز تک رسائی وقتی طور پر ختم کر دی جائے گی، اور ان کی پوسٹس کی رسائی بھی محدود کر دی جائے گی۔
میٹا ایک ایسا سسٹم بھی متعارف کرا رہا ہے جو چوری شدہ ویڈیوز میں اصل تخلیق کار کے مواد کا لنک شامل کرے گا۔اس اقدام کا مقصد اصل کریئیٹرز کو تحفظ دینا ہے، کیونکہ میٹا کو اس حوالے سے طویل عرصے سے تنقید کا سامنا تھا کہ ان کے پلیٹ فارم پر اصل مواد چوری کر کے دوسرے لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔