پی ٹی وی کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے سوشل میڈیاپرچلنے والی اپنے انتقال کی خبروں کے بعد ویڈیوپیغام جاری کردیا۔ سوشل میڈیاپرجاری ویڈیو پیغام میں عشرت فاطمہ نے کہاکہ آج صبح میں ریڈیوپاکستان سے کرنٹ افیئرز کاایک پروگرام کرکے گھرواپس پہنچی توبہت فون آرہے تھے جس میں پہلا فون معروف انائونسرتوثیق حیدرکاتھا جومیرے چھوٹے بھائیوں اوربیٹوں کی طرح ہیں،انہوں نے مجھے بتایاکہ آپ کے بارے میں سوشل میڈیاپر عجیب عجیب خبریں گردش کررہی ہیں جس سے میں بہت زیادہ گھبراگئی کہ اللہ نہ کرے میرے بارے میں کوئی منفی بات نہ ہوگئی ہولیکن انہوں نے بتایاکہ نہیں نہیں آپ کی زندگی کے بارے میں خبریں گردش کررہی ہیں کہ خدانخواستہ آپ اس دنیامیں نہیں رہیں۔
میں نے اس پرسکون کاسانس لیاکیونکہ میں نے اپنی پوری زندگی میں بہت پھونک پھونک کرقدم رکھاہے،ہمیشہ کوشش کی ہے کہ کوئی ایسی غلطی نہ کربیٹھوں جس سے مجھے اپنے والدین،بہن بھائیوں،شوہراوربچوں کے سامنے شرمندہ ہوناپڑے۔ عشرت فاطمہ نے کہاکہ اللہ کاشکرہے اس نے مجھے محفوظ رکھا،پھربھی انسان غلطی کاپتلاہے غلطیاں ہوجاتی ہیں لیکن کوشش یہی رہی کہ محتاط زندگی گزاری جائے،میرے لئے تو یہ زندگی اورموت ہے،موت توآنی ہے ،وہ برحق ہے اورمیں تو اس کے انتظار میں ہوں کہ کب بلاواآجائےکہ واپس آجائو۔
دعابس یہی ہے کہ اللہ کسی کامحتاج نہ کرے اورآرام دہ موت دے جس میں کوئی تکلیف نہ ہوآسانی ہو،کسی کوبھی پریشانی کاشکارنہ ہوناپڑے،لیکن ایک دعااورخواہش ضرور ہے کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایک بارحج کاموقع دے اور سب میرے لیے دعاکریں ،میں اپنے اباجی کے لیے حج کرناچاہتی ہوں اپنے شوہرثاقب کے ساتھ جاکر،کاش یہ میرے نصیب اورمیری زندگی میں لکھاہو،اس کے بعد اللہ میاں جب مرضی بلالیں کوئی شکایت نہیں ہے،سب میرے لئے دعاکریں میں بھی سب چاہنے والوں کے لئے دعاکرتی ہوں کہ اللہ تعالی آپ سب کے لئے بہت آسانیاں پیداکرے۔
واضح رہے کہ عشرت فاطمہ 80ء ، 90ء اور 2000ء کی دہائی میں پی ٹی وی پر رات 9 بجے اردو خبرنامہ میں خبریں پڑھا کرتی تھیں، 2007 تک انہوں نے پی ٹی وی پر خبریں پڑھیں اس کے بعد انہیں ریڈیو پاکستان میں تعینات کر دیا گیا تھا۔عشرت فاطمہ نے آغاز ریڈیو پاکستان کے پروگرام’’کھیل اور کھلاڑی‘‘ کی میزبانی سے کیا تھا، شروع میں وہ پی ٹی وی پر موسم کا حال بتانے کے لیے منتخب ہوئی تھیں بعد ازاں ان کو خبریں سنانے کے چنا گیا،وہ اپنے ناک کے کوکے کی وجہ سےبھی مشہور تھیں،پھر وہ وائس آف امریکہ کابھی حصہ رہیں اورآج کل ریڈیوپاکستان سے حالات حاضرہ کاایک پروگرام کررہی ہیں۔