سعودی ولئ عہد محمد بن سلمان کی اہلیہ نے ذیابیطس کے مریض بچوں کے لیے 10 ملین ریال کا عطیہ دے دیا۔رپورٹس کے مطابق شہزادی سارہ بنت مشہور بن عبدالعزیز نے ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کے امدادی فنڈ کے لیے دس ملین ریال کا عطیہ دیا ہے، جسے ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ (صندوق الوقف الصحي) چلا رہا ہے۔سرکاری بیان کے مطابق یہ عطیہ ذیابیطس کے شکار بچوں کو دیکھ بھال اور علاج کے جدید ترین ذرائع تک رسائی، ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔
وزیر صحت اور ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلاجل کا کہنا تھا کہ اس امداد سے ذیابیطس کے شکار بچوں کے لیے صحت کی خدمات کو فروغ دینے میں نمایاں مدد ملے گی۔ہیلتھ انڈوومنٹ فنڈ کی جانب سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ شہزادی سارہ بنت مشہور کے عطیے کی مدد سے جدید انسولین پمپس فراہم ہو سکیں گے، جو علاج کے جدید حل میں سے ایک ہیں اور ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو اعتماد اور تحفظ کے ساتھ اپنی روزمرہ کی زندگی گزارنے کے قابل بناتے ہیں۔
حرم #ولي_العهد الأميرة سارة بنت مشهور بن عبدالعزيز تتبرع لصندوق دعم الأطفال المصابين بداء السكري من النوع الأول بـ 10 ملايين ريال pic.twitter.com/g1UEpXsSNj
— العربية السعودية (@AlArabiya_KSA) November 14, 2025
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کے لیے اس امدادی فنڈ کے ذریعے سب سے زیادہ ضرورت مند بچوں کی مدد کی جاتی ہے، یہ فنڈ صحت کے شعبے اور غیر منافع بخش اداروں کے ساتھ کام کر کے ملک کے مختلف علاقوں میں 3,000 سے زیادہ مستحقین کو صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔یہ امداد کام 26 ایسوسی ایشنز اور 26 مختلف منصوبوں کے ذریعے کیا جاتا ہے، فنڈ نے 2024 میں 72 ملین ریال سے زیادہ کے عطیات فراہم کیے تھے۔