بحرین نے گولڈن ویزا حاصل کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی کم از کم شرائط میں 35 فیصد کمی کر دی ہے، جس سے غیر ملکیوں کے لیے ملک میں قیام کے مواقع آسان ہو گئے ہیں۔ بحرین کی وزارت داخلہ کے قومی شہریت، پاسپورٹس اور رہائشی امور کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ اب سرمایہ کاری کی کم از کم حد 2 لاکھ بحرینی دینار سے کم کر کے 1 لاکھ 30 ہزار بحرینی دینار کر دی گئی ہے۔ اس کے بعد وہ افراد جو 130,000 بحرینی دینار مالیت کی جائیداد کے مالک ہیں، گولڈن ویزا کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
گولڈن ویزا مختلف زمروں کے افراد کے لیے دستیاب ہے، جن میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کار، وہ پیشہ ور افراد جو ماہانہ 2,000 بحرینی دینار یا اس سے زیادہ کماتے ہیں، 15 سال سے بحرین میں کام کرنے والے ریٹائرڈ افراد، غیر مقیم ریٹائرڈ افراد جن کی پنشن 4,000 بحرینی دینار یا اس سے زیادہ ہے، اور وہ باصلاحیت افراد شامل ہیں جو ملکی معیشت میں کردار ادا کر رہے ہیں درخواست دہندگان وزارت کے پورٹل کے ذریعے درخواست جمع کرائیں گے ۔
اور اس کے لیے درست پاسپورٹ، چھ ماہ کی بینک اسٹیٹمنٹس، صحت کی انشورنس اور رہائش کے ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوں گے۔درخواست کی فیس 5 بحرینی دینار جبکہ ویزا جاری کرنے کی فیس 300 بحرینی دینار ہے۔گولڈن ویزا ہولڈرز بحرین میں کسی بھی جگہ کام کر سکتے ہیں، غیر محدود داخلے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اپنے زیر کفالت افراد کو اسپانسر کر سکتے ہیں اور مکمل کاروباری ملکیت کے حقوق کے حامل ہوں گے۔