یونائیٹڈ ایئرلائنز کا مسافر حادثاتی طور پر غلط پرواز میں سوار ہوکر دوسرے ملک پہنچ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والا مسافر لاس اینجلس سے نکاراگوا کے شہر ماناگوا جارہا تھا لیکن وہ جاپان کے شہر ٹوکیو پہنچ گیا۔ترجمان یونائیٹڈ ایئرلائنز نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے یہ سمجھنے کے لیے ایئرپورٹ انتظامیہ سے فالو اپ لیا ہے کہ یہ کیسے ہوا۔ایئرلائن انتظامیہ نے مسافر سے معذرت کرنے کے لیے رابطہ کیا اور معاوضے کی پیشکش کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم مسافروں کو ہمیشہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ گیٹ پر نشانات اور بورڈنگ کے اعلانات کی نگرانی کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ جس ہوائی جہاز میں سوار ہوتے ہیں وہ مطلوبہ منزل پر جارہا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسافر کو پرواز کے دوران احساس ہوا کہ وہ غلط طیارے میں ہے، اس نے فلائٹ اٹینڈنٹ سے پوچھا کہ ہیوسٹن کا سفر 3گھنٹے کے بجائے 6 گھنٹے کیوں لے رہا ہے۔مسافر ٹوکیو، جاپان کے ہنیڈا ایئرپورٹ پر اترا اور 2راتوں تک ہوٹل میں ٹھہرا جبکہ یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اس کا سفری پروگرام ترتیب دیا۔ایئرلائن نے پہلے معافی کے طور پر 300 ڈالر کا سفری کریڈٹ پیش کیا لیکن بعد میں ایک ہزار ڈالر کی پیشکش کی گئی۔