سیکیورٹی خدشات کے اسکردو، لنڈی کوتل اور شمالی وزیرستان میں تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لئے بند کردیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں، بالخصوص سرحدی علاقوں میں امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے یہ فیصلے طلبہ اور اساتذہ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ امن عامہ کو لاحق خدشات کے پیشِ نظر سکردو میں تمام تعلیمی ادارے مزید دو روز کے لیے بند رہیں گے۔
تحصیل لنڈی کوتل: ضلع خیبر کی انتظامیہ نے پاک-افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں تمام سرکاری اسکولوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا حکم دیا ہے، تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا فیصلہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔سرحد پر جاری حالیہ تناؤ کے باعث شمالی وزیرستان کے سرحدی دیہات میں بھی اسکول بند کر دیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور عملہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے محفوظ رہ سکے۔
دوسری جانب نگران وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان کی زیرِ صدارت اسپیشل اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیاکمیٹی نے دو ٹوک فیصلہ کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گااجلاس میں واضح کیا گیا کہ امن و امان کے قیام اور سرکاری تنصیبات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔