بنگلا دیش میں ایک افسوسناک حادثے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے جب مسافر بس دریا میں جا گری۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ دریائے پدما میں اس وقت پیش آیا جب تقریباً 40 مسافروں کو لے جانے والی بس Daulatdia کے مقام پر فیری کے قریب پہنچتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور دریا میں گر گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ غوطہ خوروں نے ڈوبی ہوئی بس کے اندر سے 22 لاشیں نکال لی ہیں، جن میں 6 مرد، 11 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں۔فائر سروس کے اہلکار نے بتایا کہ دو خواتین کو زندہ نکالا گیا تھا مگر وہ بھی جانبر نہ ہو سکیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔
ریسکیو آپریشن میں فائر سروس کے چار یونٹس اور 10 غوطہ خور حصہ لے رہے ہیں، جبکہ فوج، پولیس، کوسٹ گارڈ اور مقامی انتظامیہ بھی امدادی کارروائیوں میں شامل ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مزید مسافر لاپتہ ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ بنگلا دیش میں ہر سال سڑک اور فیری حادثات میں سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔