ایران کی فوج نے سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے میزائل حملوں کی نئی لہر شروع کردی اور 27 مقامات کو نشانے پر رکھ لیا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی فوج نے سپریم لیڈر سید آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح کو سزا دی جائے گی، سید علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ بہت جلد لیا جائے گا، وہ دیکھ لیں گے کہ انہوں نے کیا کیا ہے، آیت اللہ خامنہ ای کے قاتلوں سے سخت اور فیصلہ کن انتقام لیں گے، ملک میں جارحیت کرنے والوں کو سخت سزائیں دیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج مقبوضہ علاقوں اور امریکی اڈوں میں خطرے کی گھنٹی کی آواز کو خاموش نہیں ہونے دیں گی۔بتایا گیا ہے کہ امریکی اوراسرائیلی حملوں میں رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد پاسدارانِ انقلاب نے ردِ عمل میں حملوں کی چھٹی لہر شروع کر دی ہے، آئی جی آر سی نے اسرائیل اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں پر وسیع پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں اور 27 امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، اس کے علاوہ اسرائیل کے تل نووف ایئر بیس، تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ ہیڈکوارٹر ہا کیریا اور ایک بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔