بھارتی پنجابی گلوکارسدھو موسے والا کی موت کے 3 سال بعد ان کے اے آئی (مصنوعی ذہانت) ٹور کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس نے مداحوں میں ایک بار پھر جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار کی ٹیم نے ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے سائنڈ ٹو گاڈ ٹور کا اعلان کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کا ڈیجیٹل کردار اسٹیج پر پیش کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق یہ منفرد ٹور رواں سال عالمی سطح پر منعقد کیا جائے گا، جہاں اے آئی سے تیار کردہ سدھو موسے والا کا ورچوئل اوتار مختلف ممالک میں پرفارم کرے گا۔ ان ممالک میں امریکا، کینیڈا، متحدہ عرب امارات، بھارت، برطانیہ، آسٹریلیا اورپاکستان شامل ہیں۔پاکستان میں بھی ٹور کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے اور مداح اس منفرد تجربے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو مئی 2022 میں بھارتی ریاست پنجاب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس کی ذمہ داری لارنس بشنوی کے گینگ سے منسلک افراد پر عائد کی گئی تھی۔ان کی موت بھارتی موسیقی کی تاریخ کا ایک بڑا اور افسوسناک واقعہ تصور کی جاتی ہے۔