بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ کے علاقے حسن پور میں ایک شادی کی تقریب اس وقت بدنظمی کا شکار ہو گئی جب ایک معمولی تنازع شدت اختیار کر کے باقاعدہ لڑائی میں تبدیل ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق ہَیبت پور بنجارہ سے آنے والی بارات ایک بینکوئٹ ہال میں مقیم تھی جہاں شادی کی رسومات جاری تھیں۔ مہمانوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا اور لوگ مختلف پکوانوں سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ اسی دوران چند باراتیوں نے بریانی میں لیگ پیس نہ ملنے پر اعتراض کیا جس پر بحث شروع ہو گئی۔
ابتدائی طور پر معمولی نوعیت کی یہ تلخ کلامی دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی اور کئی افراد اس میں شامل ہو گئے۔ معاملہ یہاں تک بڑھا کہ مہمان ایک دوسرے پر ہاتھ اٹھانے لگے اور ہال کے اندر شدید مارپیٹ شروع ہو گئی۔ غصے میں آ کر بعض افراد نے کرسیاں اٹھا کر ایک دوسرے پر پھینک دیں جس سے ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے پر کرسیاں پھینک رہے ہیں اور ہنگامہ عروج پر ہے جبکہ چند لمحے پہلے تک جاری خوشی کا ماحول مکمل افراتفری میں بدل چکا تھا۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ حسن پور میں پیش آیا تاہم ویڈیوز کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں ہو سکی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، صورتحال پر قابو پایا اور لوگوں کو منتشر کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔