مومنہ اقبال کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل، شوہر کے نام محبت بھرا پیغام

Momina Iqbal's mehndi pictures and videos go viral, loving message to her husband
اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ حاصل کر رہی ہیں اور ان کی مہندی کی تقریب کی تصاویر اورویڈیوزمداحوں کے درمیان تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ اداکارہ کے دلکش برائیڈل انداز اور خوشگوارلمحات نے مداحوں کی جانب سےخوب داد سمیٹی ہے۔

مومنہ اقبال نے اپنی مہندی کی تقریب کی جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں وہ نہایت خوبصورت اور روایتی انداز میں نظر آئیں۔ تقریب کے لیےاداکارہ نے سنہری کتان سلک سے تیار کردہ دیدہ زیب لہنگے کا انتخاب کیا، جس پرنہایت نفیس ٹون آن ٹون کڑھائی کی گئی تھی۔ ان کے ہمراہ دلہا حمزہ حبیب سیاہ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیے جس پر سنہری کام کیا گیا تھا، جبکہ دونوں نے رنگ برنگی کشیدہ کاری والی روایتی شال کے ساتھ تصاویر بنوا کر تقریب کے حسن کو مزید بڑھا دیا۔

تصاویر کے ساتھ مومنہ اقبال نے اپنے شوہر حمزہ حبیب کے نام ایک محبت بھرا پیغام بھی تحریر کیا۔ انہوں نے مختصر مگر جذباتی انداز میں’’میرے حمزہ‘‘ لکھا، جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا اور کمنٹس میں نیک خواہشات اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رکھا۔مہندی کی تقریب میں مومنہ اقبال نے رسٹ رنگ کا خوبصورت لہنگا چولی زیب تن کیا، جس پر سنہری زردوزی اور ٹلہ ورک نے لباس کو خاص کشش بخشی۔ اس کے ساتھ جامنی رنگ کے خوبصورت دوپٹے نے ان کے برائیڈل لک کو مزید نمایاں کیا۔ روایتی زیورات، ہاتھوں پر سجی مہندی اور سنہری چوڑیوں نے ان کی شخصیت میں دلکشی کا اضافہ کیا اور انہیں ایک روایتی پاکستانی دلہن کا منفرد روپ عطا کیا۔

 یاد رہے کہ مومنہ اقبال گزشتہ دنوں اپنی شادی سے قبل ایک تنازع کے باعث بھی خبروں کی زینت بنی رہی تھیں، تاہم ان تمام حالات کے باوجود انہوں نے حمزہ حبیب کے ساتھ اپنی شادی کی تقریبات کا آغاز کیا اور اب ان کی شادی کی مختلف تقریبات خوشگوار ماحول میں جاری ہیں۔سوشل میڈیا پر مداح نہ صرف اس نو بیاہتا جوڑی کو مبارکباد دے رہے ہیں بلکہ مومنہ اقبال کے روایتی اور شاندار برائیڈل انداز کی بھی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔ ان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز کو ہزاروں صارفین پسند اور شیئر کر چکے ہیں، جبکہ شوبز شخصیات بھی اس جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہی ہیں۔






اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us