ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے پہلی بار انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے لیے جدید اے آئی امیج جنریشن فیچر متعارف کرا دیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا کمپنی نے متعارف کردہ نئے فیچر سے متعلق کہا ہے کہ “میوز امیج” (Muse Image) نامی یہ جنریٹو اے آئی فیچر میٹا سپر انٹیلی جنس لیب نے تیار کیا ہے۔ اور اسے میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
میٹا کے مطابق میوز امیج صارفین کے لیے ایک تخلیقی معاون کا کردار ادا کرے گا، جو ان کے خیالات کو اعلیٰ معیار کی تصاویر میں تبدیل کرے گا۔ جس کے ذریعے صارفین صرف تحریری ہدایات یا سادہ اسکیچز کی مدد سے نئی تصاویر تخلیق کرنے اور موجودہ تصاویر میں تبدیلی کرنے کے قابل ہوں گے۔اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین تیار کردہ تصاویر ڈاؤن لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ براہ راست اپنی انسٹاگرام فیڈ، اسٹوریز یا واٹس ایپ چیٹس میں بھی شیئر کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق نئی تصویر بنانے یا کسی موجودہ تصویر میں ترمیم کرنے کے لیے صارف کو صرف سادہ زبان میں اپنی ہدایات دینی ہوں گی، جبکہ باقی تمام کام میٹا کا اے آئی خود انجام دے گا۔میٹا نے بتایا کہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 3 ارب سے زائد صارفین موجود ہیں۔ تاہم میوز امیج فیچر کو فی الحال منتخب ممالک میں مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے مزید ممالک تک توسیع دی جائے گی۔