لاہور: حکومت پنجاب نے آئندہ ہفتے سے تمام اسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات مفت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے رکن اسمبلی امجد علی جاوید کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا نعرہ صحت کی سہولت آپ کی دہلیز پر کا یہ پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پنجاب کا ہیلتھ سسٹم برباد کر دیا۔ اسپتالوں کی حالت بہتر کرنے کیلئے تھوڑا سا وقت دیں آئیڈیل ازم پر پہنچ کر بتا دیں گے۔صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ اگلے ہفتہ سے سو فیصد ادویات تمام سرکاری اسپتالوں کے ایمرجنسی میں فری دیں گے۔ انسولین مارکیٹ میں شارٹ ہے اور یہ پاکستان نہیں دنیا بھر کا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انٹالر، وینٹو لین کو چھ گھنٹے میں کراچی سے منگوایا تاہم جولائی میں انسولین مقامی سطح پر بنا کر دکھائیں گے۔