برازیل کے ساحلی شہر کورورائپے میں ایک چھوٹا طیارہ گنے کے کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثے میں پائلٹ، 46 سالہ آسٹریلوی بزنس مین اور رجسٹرڈ پائلٹ ٹموتھی جیمز کلارک جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق حکام نے حادثے کے بعد جب ملبے کا معائنہ کیا تو اس میں سے بھاری مقدار میں کوکین برآمد ہوئی جو پلاسٹک کی اینٹوں کی شکل میں لپٹی ہوئی تھی اور ان پر امریکی ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کا لوگو لگا ہوا تھا۔رپورٹس کے مطابق حادثے میں تباہ ہونے والا طیارہ زمبیا میں رجسٹرڈ تھا، تاہم اس کے ذریعے برازیل میں تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر مالیت کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔اس سے قبل پولینڈ میں ائیرشو کی ریہرسل کے دوران F-16 طیارہ کریش کرگیا تھا، حادثے میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا تھا۔