راولپنڈی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 5 سالہ بچے کی گردن کٹ گئی

A 5-year-old boy's neck was cut by a kite string in Rawalpindi.
صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے 5 سالہ بچے کی گردن کٹ گئی۔ اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سکیم نمبر 3 راولپنڈی میں پیش آیا جہاں ایک 5 سالہ بچہ ابوبکر گردن میں پتنگ کی ڈور کٹنے سے موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچ گیا، بچہ اپنے ماموں، والدہ اور دو بھائیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ پل سے گزرتے ہوئے اچانک قاتل ڈور موٹر سائیکل پر آگے بیٹھے بچے کی گردن سے لپٹ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ بچے کو بچانے کی کوشش میں والدہ اور بڑے بھائی کے ہاتھ بھی زخمی ہوگئے، شدید زخمی ہونے پر ابو بکر کو فوری طور پر ہائیکورٹ روڈ کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد پولیس کیس کی وجہ سے بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی ریفر کردیا گیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کی گردن پر گہرا زخم آیا تاہم خوش قسمتی سے شہ رگ بال بال بچ گئی، طبی امداد کے بعد بچے کو گھر بھیج دیا گیا جہاں اس کی نگہداشت جاری ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنر اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی، آر پی او و سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب سمیت پولیس حکام موقع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا، ڈی ایس پی سول لائن سہیل ظفر نے بچے کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی، ترجمان پولیس نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، قاتل ڈور کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری طرف راولپنڈی آراے بازار پولیس کی جانب سے پتنگ سپلائرز کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی اس دوران پتنگوں اور ڈور سے بھری سوزوکی قبضہ میں لے لی اور 2 سپلائر کو گرفتار کرلیا، ملزم سے 11 ہزار سے زائد پتنگیں اور 60 ڈوریں برآمد ہوئیں، سپلائرز نے لاکھوں روپے کا پتنگ بازی کا سامان مختلف شہروں میں سپلائی کرنا تھا۔





اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us