شادی کے 12 سال تک بچوں سے محروم رہنے کے بعد خاتون کے ہاں بیک وقت 5 بچوں کی پیدائش سے خاندان مسرور ہو گیا۔شادی کے بعد ہر جوڑے کا خواب ہوتا ہے کہ ان کے آنگن میں ننھے پھول کھلیں۔ تاہم ایک شادی شدہ جوڑا 12 سال سے بچوں کی قلقاریوں سے محروم تھا۔ قدرت کو رحم آیا اور خاتون نے بیک وقت 5 بچوں کو جنم دے کر خاندان کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔یہ واقعہ افریقی ملک ایتھوپیا کی ریاست برابر میں ہوا۔
جہاں 35 سالہ بدریہ آدم شادی کے بعد 12 سال تک بچوں سے ترستی رہی، پھر قدرت نے ان کی جھولی ایسی بھری کہ گزشتہ دنوں انہوں نے ایک مقامی اسپتال میں ایک دو نہیں بلکہ پانچ بچوں کو جنم دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدریہ کے گھر جنم لینے والے پانچ بچوں میں ایک لڑکی اور چار لڑکے ہیں جب کہ اسپتال عملے کے مطابق تمام بچے صحتمند ہیں۔بدریہ نے بتایا کہ پانچ بچوں کی پیدائش پر وہ اور شوہر بہت خوش ہیں۔ میں تو اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتی، کیونکہ اس سے قبل اولاد نہ ہونے پر پورا گاؤں مجھ سے سوال کرتا تھا اور میں اس وجہ سے ڈپریشن اور تکلیف کا شکار تھی۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے صرف ایک بچے کے لیے دعا مانگی تھی، اور اللہ نے مجھے پانچ بچوں کی خوشی عطا کی ہے۔اسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نُور عبدالحئی کے مطابق ماں اور بچے اسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔ بچوں کا وزن 1 کلو 300 گرام سے 1 کلو 400 گرام کے درمیان ہے۔ڈاکٹر کا مزید کہنا تھا کہ بدریہ آدم قدرتی طور پر حاملہ ہوئی تھیں، اور دنیا بھر میں 5 کروڑ 50 لاکھ خواتین میں سے صرف ایک خاتون کے ہاں بیک وقت پانچ بچوں کی پیدائش ہوتی ہے۔