
برطانیہ کے علاقے نارتھ یارکشائر میں دو پرانے رائل ایئر فورس (RAF) ریسکیو ہیلی کاپٹروں کو حیران کن طور پر لگژری گلیمپنگ یونٹس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جس نے سیاحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اب نارتھ یارکشائر واٹر پارک میں نصب ہیں اور انہیں ایک منفرد رہائشی تجربے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔یہ دونوں ہیلی کاپٹر ماضی میں برطانیہ میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں استعمال ہوتے رہے ہیں، تاہم اب انہیں مکمل طور پر جدید انداز میں رہائشی یونٹس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جن میں بیڈ، چھوٹا کچن اور ڈائننگ ایریا شامل ہیں جبکہ کاک پٹ کے کچھ اصل حصے بھی محفوظ رکھے گئے ہیں۔
یہ یونٹس ایک بڑے واٹر پارک کے اندر واقع ہیں جہاں مہمانوں کو واٹر اسپورٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کی سہولت بھی حاصل ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان رہائشی ہیلی کاپٹروں کی بکنگ 1 مئی سے شروع ہوئی تھی اور فی رات قیمت تقریباً £130 مقرر کی گئی ہے، جبکہ ابتدائی چند ہفتوں کی تمام بکنگ پہلے ہی مکمل ہو چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد تاریخی ہیلی کاپٹروں کی اصل شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحوں کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرنا ہے۔


