دنیا بھر میں اسمارٹ فون کمپنیاں اب وائیڈ فولڈ ایبل ڈیوائسز کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہیں، جہاں حالیہ Huawei Pura X Max کے بعد نئی ڈیوائسز کی افواہیں زور پکڑ گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق Samsung اس سال Galaxy Z Fold 8 اور Galaxy Z Flip 8 کے ساتھ ایک وائیڈ فولڈ ایبل متعارف کرا سکتا ہے، جبکہ Apple بھی اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون، ممکنہ طور پر “آئی فون الٹرا”، ستمبر میں پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ادھر Vivo کے بارے میں لیکس سامنے آئی ہیں کہ Vivo X Fold 6 میں اسکرین کریز (fold line) کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، جو صارفین کے لیے ایک اہم بہتری سمجھی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی مستقبل میں زیادہ چوڑے “بُک اسٹائل” فولڈ ایبل ڈیزائنز کی طرف جا سکتی ہے۔
دوسری جانب Honor کے بارے میں بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ کافی عرصے سے ایک وائیڈ فولڈ ایبل ڈیوائس پر کام کر رہی ہے، جس میں ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ اور سیکنڈری ریئر ڈسپلے شامل ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ ڈیوائس ممکنہ طور پر 2027 کی پہلی سہ ماہی میں لانچ ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ کہ وائیڈ فولڈ ایبل فونز صارفین کو ٹیبلٹ جیسا تجربہ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے مستقبل میں اسمارٹ فون ڈیزائن میں بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔