ڈومینیکن ریپبلک میں ایک چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران افسوسناک حادثے کا شکار ہوگیا جس میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے ٹکرا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر آگ کے شعلوں میں تبدیل ہوگیاحکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کر رہا تھا۔
رن وے پر شدید ٹکر کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا اور صرف دو پائلٹ موجود تھے جو موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم طیارے کو مکمل نقصان پہنچ چکا تھا، حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔