نئے اسلامی سال کا آغاز یکم محرم الحرام سے ہوتا ہے محرم الحرام کا چاند کب نظر آئے گا اس کی پیشگوئی کر دی گئی ہے۔ہجری سال 1447 ھ کا آخری مہینہ عیدالاضحیٰ اب اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور اگلے ماہ محرم الحرام سے دنیا بھر میں نئے اسلامی سال 1448 ھ کا آغاز ہوگا، تاہم اسلامی مہینوں کا آغاز ہمیشہ چاند نظر آنے سے مشروط ہوتا ہے۔رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی کر دی ہے، جس کے مطابق یکم محرم الحرام بدھ 17 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال کے لیے اہم ہوتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام انسانی آنکھ، دوربین حتیٰ کہ ٹیلی سکوپ کے ذریعے بھی چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔اس لیے ذوالحج 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026 کو ہوگی۔ اور یوم عاشور جمعہ 26 جون کو ہوگا۔تاہم خالد اعجاز مفتی نے یہ بھی واضح کیا کہ نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند کی رویت کا شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گا۔