امریکہ کی ریاست نیویارک کے علاقے ساوتھ ہیمپٹن میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گاڑی نجی رہائش گاہ میں واقع زیرتعمیر سوئمنگ پول میں جا گری خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی اور املاک کو نقصان پہنچا. رپورٹ کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک رائیڈ شیئرنگ سروس کا ڈرائیور رات کے وقت اپنی منزل کی جانب جا رہا تھا نامعلوم وجوہات کی بنا پر گاڑی سڑک سے ہٹ کر نجی پراپرٹی میں داخل ہوگئی اور زیرِ تعمیر سوئمنگ پول میں جا گری، جس کے باعث گاڑی کا اگلا حصہ پانی میں ڈوب گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو اہلکار اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے ڈرائیور کو بحفاظت گاڑی سے باہر نکال لیا گیا، جبکہ کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی سوشل میڈیا پر واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے طنزیہ انداز میں تبصرے کیے کہ شاید ڈرائیور نے جی پی ایس کی ہر ہدایت پر آنکھیں بند کرکے عمل کیا تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ تاحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ حادثہ نیویگیشن ایپ کی غلط راہنمائی کے باعث پیش آیا یا اس کی وجہ ڈرائیور کی غلطی تھی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ماہرین نے ڈرائیوروں کو مشورہ دیا ہے کہ نیویگیشن ایپس سے رہنمائی ضرور حاصل کریں، لیکن رات کے وقت یا غیر مانوس علاقوں میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے سڑک کے اشاروں اور اردگرد کے حالات پر بھی پوری توجہ دیں یہ غیر معمولی واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے اسے سال کے دلچسپ اور عجیب و غریب واقعات میں شامل قرار دیتے ہوئے ہزاروں تبصرے اور شیئرز کیے۔
