جرمنی کے شہر فرینکفرٹ سے نئی دہلی کی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 2030ءکو ہائی جیکنگ کے مبینہ الرٹ اور بم کی افواہ کے بعد ہنگامی طور پر جے پور ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فرینکفرٹ دہلی کی پرواز میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب طیارہ بھارتی فضائی حدود میں راجستھان پر پرواز کر رہا تھا اور طیارے نے کچھ دیر بعد نیو دہلی ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا، صبح 9 بجے احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرولر کو پرواز سے طیارہ ہائی جیکنگ کا بین الاقوامی کوڈ 7500 موصول ہوا ۔
طیارے کے ہائی جیکنگ الرٹ کے باعث ہنگامی صورتِ حال کا اعلان کیا گیا، بھارت بھر کی سیکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ ہو گئیں دہلی ایئر پورٹ وار روم نے احتیاطی طور پر پرواز کو فوری طور پر جے پور کی طرف موڑ دیا بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے نے بدھ کی صبح 9 بج کر 35 منٹ پر جے پور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر باحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی. طیارے کو لینڈنگ کے فوراً بعد ایئر پورٹ کے ایک مخصوص آئسولیشن بے میں منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت تمام مسافروں اور عملے کو باحفاظت اتار لیا گیا سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے طیارے اور مسافروں کے سامان کی مکمل تلاشی لی، جس کے بعد پرواز کو محفوظ قرار دے دیا گیا.فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے میں 250 مسافر سوار تھے حکام کے مطابق سیکیورٹی الرٹ پائلٹ سے غلطی سے دبنے والے ایک بٹن کی وجہ سے جاری ہوا تھا پائلٹ نے نادانستہ طور پر یہ بٹن دبا دیا تھا، جس نے تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا، کچھ افواہوں میں اسے بم کی دھمکی بھی قرار دیا جا رہا تھا۔
