دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

Indian fighter jet crashes during Dubai Air Show, pilot killed
دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا اپنے ملک میں تیار کردہ جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ ہوگیا۔ بھارتی ایئرفورس نے طیارہ گرنے اور پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔امریکی میڈیا کے مطابق بھارتی طیارہ دبئی ایئر شو میں مظاہرے کے دوران گرا، جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی اپنا طیارہ گرنے کی تصدیق کردی۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی لڑاکا طیارہ تیجس مقامی وقت کے مطابق 2 بجکر 10 منٹ پر گرا، طیارہ ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

دبئی ایئر شو کی انتظامیہ  کا کہنا ہے کہ  بھارتی طیارہ گرنے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی،  ائیر شو کے مزید فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں، متاثرہ علاقے کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔بھارتی فضائیہ نے جنگی طیارہ گرنے کی تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا۔بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ آج دبئی ایئر شو میں فضائی مظاہرے کے دوران بھارتی فضائیہ کا تیجس طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بھارتی فضائیہ نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کردی گئی ہے۔مارچ 2024 میں تیجس لڑاکا طیارہ راجستھان کے شہر جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوا تھا، 2001 میں تیجس طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز ہوئی تھی۔خیال رہے کہ تیجس کو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ہال) نے تیار کیا تھا، بھارت کے اپنے ملک میں تیار کردہ اس طیارے کی صلاحیتوں پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔علم میں رہے کہ تیجس کو 4.5 جنریشن کا طیارہ قرار دیا جاتا ہے، جو جنریشن کے اعتبار سے رافیل کے ہم پلہ ہے۔تباہ ہونے والا بھارتی طیارہ تیجس 2016 سے بھارتی فضائیہ کا حصہ تھا۔




اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us