بھارت کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد سراج نے اپنے ملک کی ائیر لائن ائیر انڈیا پر شدید تنقید کی ہے۔انہوں نے لوگوں کو ائیر انڈیا میں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ ائیر انڈیا کی پرواز IX 2884 جسے گوہاٹی سے حیدرآباد کیلئے صبح 7 بج کر25 منٹ پرروانہ ہونا تھا بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مسلسل تاخیر کا شکار رہی۔محمد سراج کا کہنا تھا کہ بار بار پوچھنے کے باوجود ائیر لائن کی طرف سے تاخیر کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، چار گھنٹے گزر جانے کے باوجود نہ کوئی اپ ڈیٹ دی گئی اور نہ ہی متبادل انتظام کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے درجنوں مسافر ائیر پورٹ پر شدید مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے ائیر انڈیا میں سفر کرنے کو اپنا انتہائی مایوس کن تجربہ قرار دیا اور کہا کہ میں کسی کو بھی یہ پرواز لینے کا مشورہ نہیں دوں گا۔بھارتی فاسٹ بالر کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ائیر انڈیا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
