بھارت کے ساتھ جنگی کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی جانب سے چینی ساختہ طیاروں کے استعمال اور بھارتی رافیل سمیت کئی جنگی جہاز مار گرانے کے بعد چینی دفاعی کمپنی کے طیاروں کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق چینی طیارہ ساز ادارے اے وی آئی سی چینگڈو ایئرکرافٹ کارپوریشن کی رواں سال پہلی سہ ماہی میں فروخت تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس کمپنی کی مجموعی آمدنی 16 فیصد اضافے کے بعد 11 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ منافع میں 6.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ادارے کی تاریخ کا بلند ترین منافع قرار دیا جا رہا ہے۔بلوم برگ کے مطابق کمپنی کے سنگل انجن ملٹی رول جے-10 لڑاکا طیارے گزشتہ سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران استعمال ہوئے تھے۔
دعویٰ کیا گیا کہ پاک فضائیہ نے انہی طیاروں کے ذریعے فرانسیسی ساختہ رافیل سمیت متعدد بھارتی جنگی جہاز تباہ کیے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تنازع ان چند مواقع میں شامل تھا جہاں جدید چینی ہتھیاروں کو حقیقی جنگی حالات میں آزمایا گیا۔دوسری جانب بھارت نے بھی اس دوران اپنے کچھ طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا تھا، تاہم تباہ ہونے والے جہازوں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔