پنجاب میں ایک مسافر کوچ کی ڈگی میں لائے جانے والے قربانی کے 9 بکرے دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔قربانی کے بکرے ضلع رحیم یار خان کے شہر صادق آباد سے سیالکوٹ کے لیے روانہ کیے گئے تھے، بس ترنڈہ سوائے خان پھاٹک پہنچی تو ڈگی کھولنے پر بکرے مردہ پائے گئے۔
تمام 9 بکرے ممکنہ طور پر بس کی ڈگی میں گرمی اور آکسیجن کی کمی سے ہلاک ہوئے، بس میں سوار مسافروں نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے اور عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سعودی عرب اور پاکستان میں ایک ہی دن عید منائی جائے گی۔
ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔مولانا عبد الخبیر آزاد نے موصولہ شہادتوں کی بنیاد پر اعلان کیا کہ پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آ گیا اور عید الاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ منائی جائے گی، مختلف مقامات سے ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔