اسرائیلی میڈیا نے ایسی تصاویر نشر کی ہیں جن میں جنوبی لبنان کے تاریخی بیوفورٹ قلعے پر اسرائیلی پرچم اور اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کا جھنڈا لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں ایک بڑے فوجی آپریشن کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آئیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بیوفورٹ ریج اور وادی السلوکی کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے اور یہ آپریشن مزید علاقوں تک پھیلایا جائے گا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس کے دستے دریائے لیتانی عبور کر چکے ہیں اور حزب اللہ کے خلاف دریا کے شمالی علاقوں میں بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ فوج نے علاقے میں موجود اپنے اہلکاروں کی تصاویر بھی جاری کیں اور دعویٰ کیا کہ حملوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوج دریائے لیتانی عبور کر چکی ہے۔
לראשונה מאז הנסיגה מלבנון: דגלי ישראל וגולני ניצבים בראש רכס הבופור @ItayBlumental @rubih67 pic.twitter.com/HMIbuPcHyf
— כאן חדשות (@kann_news) May 31, 2026
شمالی سرحد پر فوجی دستوں کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان کے علاوہ بیروت اور وادی بقاع میں بھی کارروائیاں کر رہی ہیں۔نیتن یاہو کے مطابق یہ کارروائیاں حزب اللہ کے خلاف جاری وسیع فوجی مہم کا حصہ ہیں۔ تاہم لبنان کی جانب سے اسرائیلی پیش قدمی اور حملوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔بیوفورٹ قلعہ جنوبی لبنان کا ایک اہم تاریخی مقام سمجھا جاتا ہے اورماضی میں بھی یہ علاقہ لبنان اوراسرائیل کے درمیان کشیدگی کا مرکز رہا ہے۔