دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح اس سال بھی کئی معروف پاکستانی شوبز اور اسپورٹس شخصیات نے فریضۂ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کی، جہاں انہوں نے خانہ کعبہ میں عبادات اور روحانی لمحات کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
حج اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے، جو ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ ذوالحج کی مخصوص تاریخوں میں ادا کیا جانے والا یہ عظیم اجتماع دنیا بھر کے مسلمانوں کو رنگ، نسل اور زبان کے فرق سے بالاتر ہوکر ایک مقام پر جمع کرتا ہے، جہاں سب اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزی اور بندگی کا اظہار کرتے ہیں۔اس مقدس سفر کی روحانی فضا میں اس بار بھی متعدد پاکستانی معروف شخصیات شریک رہیں معروف میزبان وسیم بادامی نے حج کے دوران اپنی تصاویر اور دعاؤں بھری جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے بے حد سراہا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ، مصباح الحق اور سعید انور بھی اس روحانی سفر میں شریک رہے۔ دونوں کرکٹرز کی تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنیں، جہاں مداحوں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
معروف کامیڈین اور میزبان تابش ہاشمی، اداکار ہمایوں عالمگیر، اداکارہ درفشاں سلیم اور اداکار بلال عباس خان نے بھی حج کی ادائیگی کے دوران روحانی لمحات کی تصاویر شیئر کیں۔
سوشل میڈیا پر ان شخصیات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی صارفین نے ان روحانی لمحات کو نہایت خوبصورت اور متاثر کن قرار دیا۔