برطانیہ کی ایئر لائن بند ہو گئی، تمام پروازیں فوری طور پر منسوخ

British airline shuts down, all flights canceled immediately
برطانیہ کی ایسینڈ ایئرویز کی بندش کی وجہ سے تمام پروازیں فوری طور پر منسوخ کر دی گئیں، اور پہلے سے بکنگ کرانے والے مسافروں کی دیگر ایئر لائنز پر منتقلی شروع کر دی گئی۔برطانوی میڈیا کے مطابق ایسینڈ ایئرویز دیوالیہ ہو کر بندش کے عمل میں چلی گئی ہے اور اس نے اپنا آپریٹنگ سرٹیفکیٹ بھی واپس کر دیا ہے، ایئر لائن کی انتظامیہ نے تصدیق کر دی۔ایسینڈ ایئرویز کی بندش سے تمام ملازمتیں بھی ختم ہو گئی ہیں اور سینکڑوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں، ایسینڈ ایئر ویز ایک چھوٹا فضائی بیڑا چلاتی تھی جس میں بوئنگ 737 طیارے شامل تھے، یہ ایئرلائن زیادہ تر دوسرے فضائی اداروں کے لیے پروازیں چلاتی تھی، یعنی براہِ راست مسافروں کو ٹکٹ فروخت نہیں کرتی تھی۔

یہ ایئرلائن لندن گیٹوِک اور لندن اسٹینسٹیڈ سے اپنی پروازیں چلاتی تھی، جو آکسفورڈ شائر سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے قریبی بڑے ہوائی اڈوں میں شمار ہوتے ہیں۔ایئرلائن نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں کام کرنے والے عملے کو بندش سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ملازمتیں خطرے میں ہیں۔ چوں کہ ایسینڈ ایئر ویز زیادہ تر دوسری ایئرلائنز اور ٹور آپریٹرز کے لیے پروازیں چلاتی تھی، اس لیے متاثرہ مسافروں میں سے زیادہ تر نے ٹکٹ براہِ راست اس کمپنی سے نہیں بلکہ ان پارٹنر اداروں سے خریدے تھے۔

ایسے مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی ایئرلائن، ٹور آپریٹر یا ٹریول ایجنٹ سے رابطہ کریں تاکہ معلوم کر سکیں کہ ان کی پرواز کو دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے یا کسی اور ایئرلائن سے بدل دیا گیا ہے۔وہ افراد جنھوں نے ایسینڈ کی پروازوں کے ساتھ پیکیج ہالیڈے خریدا تھا، ممکن ہے کہ وہ اے ٹی او ایل تحفظ کے تحت آتے ہوں، اور انھیں اپنے ٹور آپریٹر کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ انفرادی طور پر سفر کرنے والے مسافروں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی ٹریول انشورنس چیک کریں اور منسوخی یا اضافی اخراجات سے متعلق تمام دستاویزات محفوظ رکھیں۔



اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us

اشتہار

Follow us on Google News

Follow Us