سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے نئے عمرہ سیزن 1448 ہجری کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت عمرہ زائرین 15 ذوالحج سے مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجراء کا آغاز 31 مئی سے ہوگا، جبکہ زائرین یکم جون سے ‘نسک’ ایپ کے ذریعے عمرہ اجازت نامے حاصل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نئے سیزن کے لیے عمرہ ویزوں کے حصول کی آخری تاریخ 9 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔ عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 23 مارچ 2027 ہوگی، جبکہ زائرین کی واپسی اور سعودی عرب سے روانگی کی آخری تاریخ 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب سعودی سپریم کورٹ نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ مملکت میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہو گی جب کہ یکم ذوالحجہ 18 مئی اور وقوف عرفہ 26 مئی کو ادا کیا جائے گا۔مکہ مکرمہ میں ہزاروں پاکستانی عازمین عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ مدینہ منورہ سے بھی پاکستانی عازمین کی مکہ مکرمہ منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔