متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت تین ممالک کے شہریوں کے لیے نئے ویزے معطل کردیئے۔خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایبولا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خلاف قومی تیاری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے تحت تین افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات کے سلسلے کا اعلان کیا ہے۔نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) اور وفاقی اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) کے مشترکہ طور پر اعلان کردہ اقدامات، جمہوریہ کانگو، یوگنڈا اور جنوبی سوڈان سے آنے والوں پر لاگو ہوتے ہیں۔
حکام نے کہا کہ یہ فیصلہ ایبولا وائرس سے متعلق پیش رفت سے نمٹنے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ملک کی حفاظتی اور فعال حکمت عملی کا حصہ ہے۔نئے اقدامات کے تحت تینوں ممالک کے شہریوں کے لیے تمام نئے ویزے بشمول وزٹ ویزے معطل کر دیے جائیں گے۔متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی متحدہ عرب امارات میں داخلے پر پابندی ہوگی، بشمول وہ لوگ جوامارات پہنچنے سے پہلے دوسرے مقامات سے گزرتے ہیں۔