وفاقی وزیرپاورڈویژن اویس لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بندکرنے کیلئے ای پی ایم سسٹم نصب کیا جارہا ہے ڈی جی خان ائیرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ یہ ائیرپورٹ کوبین الاقوامی پروازوں کیلئے اپ گریڈکیا جارہا ہے، ائیرپورٹ توسیعی منصوبہ ساڑھے 5 ارب روپے لاگت سے جنوری2028 میں مکمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں وزیراعظمکے اعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے۔کینسرہسپتال، سیوریج اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے بھی شامل ہیں ۔
وفاقی وزیرتوانائی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جارہی ہے، 30 فیصد یا اس سے زائد لائن لاسزوالے فیڈرزپرلوڈشیڈنگ جاری رہے گی، صارفین کو بھاری بھرکم بلوں سے بچایا گیا ہے تاہم بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو ریلیف نہیں دیا جائے گا. اویس لغاری نے کہاکہ ایران امریکاجنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہورہی ہے، بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بندکرنے کیلئے ای پی ایم ایس نصب کیا جارہا ہے، الیکٹرونک پاور مانیٹرنگ سسٹم سے متعلقہ ٹرانسفارمرزبند کیے جائیں گے، ای پی ایم ایس کے نفاذ سے بجلی چوری والے علاقوں میں فیڈرکے دیگرصارفین متاثر نہیں ہوں گے.
